کراچی کے علاقے شاہ لطیف کے ایس ایچ او اسرار برڑو اور پرائیویٹ بیٹر سمیت 5 افراد کے خلاف اغواء، حبس بے بجا میں رکھنے اور بھتے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ عدالتی احکامات کی روشنی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں اغواء، حبس بے بجا میں رکھنے اور بھتے کی دفعات شامل ہیں۔
شاہ لطیف کے ایس ایچ او اسرار برڑو پر دو شہریوں کے اغوا کا الزام ہے جبکہ ایس ایچ او سمیت مقدمے میں نامزد کوئی شخص گرفتار نہیں ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ دو شہریوں کو چند روز قبل شاہ لطیف پولیس نے منشیات ایکٹ میں گرفتار کیا تھا، مدعی کے مطابق دونوں کو گھر سے اغوا کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ گھر میں موجود بھاری مالیت کے سونے کے زیورات بھی لوٹ کر لے گئے جبکہ ایس ایچ او اسرار برڑو نے دونوں افراد کو جعلی مقابلے میں جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
متن کے مطابق پولیس نے حبس بے جا میں رکھ کر دونوں افراد پر بدترین تشدد کیا جبکہ ایس ایچ او اسرار برڑو نے دونوں افراد کو چھوڑنے کے لیے مزید رقم کا تقاضا بھی کیا۔
عدالتی احکامات پر شاہ لطیف پولیس نے مدعی کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
Comments are closed.