کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فوڈ کاؤنٹرز پر نامناسب پیپر پلیٹ میں کھانا دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایک معروف بین الاقوامی مشروبات کمپنی کے فوڈ کاؤنٹرز پر مخصوص میڈیکل پروڈکٹ کی پیکنگ سے بنی پیپر پلیٹ میں مسافروں کو کھانے کی اشیا فراہم کی گئیں۔
بارڈر ہیلتھ سروسز نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے جناح ٹرمینل پر موجود متعلقہ کمپنی کے تمام فوڈ کاؤنٹرز سیل کر دیے ہیں۔
کراچی کے جناح ٹرمینل پر ایک مسافر نے مخصوص میڈیکل پروڈکٹ کی پیکنگ سے بنی پیپر پلیٹ میں سینڈوچ کھاتے ہوئے پلیٹ پر پروڈکٹ سے متعلق لکھی تحریر نوٹ کی اور پیپر پلیٹ اور فوڈ کاؤنٹر کی ویڈیو بنا کر وائرل کر دی۔
بارڈر ہیلتھ سروسز نے اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مخصوص میڈیکل پروڈکٹ کی پیپر پلیٹ میں کھانے کی اشیا دینے والی کمپنی کے کراچی ایئرپورٹ پر تمام فوڈ کاؤنٹر سیل کر دیے۔
ڈائریکٹر بارڈر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ کا کہنا ہے کہ حفظان صحت کی خلاف ورزی پر کارروائی کی ہدایت وفاقی وزیر صحت کی جانب سے دی گئی تھی۔
اس معاملہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئرپورٹ منیجر کی بدترین غفلت بھی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل پر کئی دنوں سے ملکی اور غیر ملکی مسافروں کو اسی پیپر پلیٹ میں کھانے کی اشیا پیش کی جا رہی تھیں۔
ادھر ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قابل اعتراض تحریر والی پیپر پلیٹس استعمال کرنے والی کمپنی کے مقامی اور بین الاقوامی سیٹلائٹ ایریا میں موجود تمام کاؤنٹرز سیل کرکے بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
Comments are closed.