ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ایسٹ راجہ طارق نے کہا ہے کہ جیل چورنگی پر آتشزدگی سے متاثرہ عمارت رہائش کے قابل ہے یا نہیں اس سے متعلق فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔
کراچی کے علاقے جیل چورنگی کے قریب ڈپارٹمنٹل اسٹور میں آگ لگنے کے معاملے پر ڈی سی ایسٹ نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے اس معاملے کو واضح کرنے کے لیے کہا ہے۔
ڈی سی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے کی مشاورت سے این ای ڈی یونیورسٹی کو بھی آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے بھی بات ہوئی ہے، یونیورسٹی کی ٹیم جلد عمارت کے معائنے کے لیے دورہ کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی ٹیم ہی واضح کرے گی کہ عمارت کے ستونوں کا کتنا سریا متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمارت سے متعلق این ای ڈی کی رپورٹ کے بعد حتمی فیصلہ کیا جاسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے این ای ڈی کی ٹیم دو روز میں عمارت کا معائنہ کر لے گی۔
Comments are closed.