بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: اورنگی، شاہ فیصل میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاؤن اور شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ میں 2 گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

فائرنگ کی زد میں آ کر سرور نامی راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔

فائرنگ میں ملوث دونوں گروپ زمین پر قبضے میں بھی ملوث ہیں۔

فائرنگ میں ملوث افراد عرفان عرف ٹوپی اور دانش عرف ملا کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا، مقتول کی علاقے میں اسپیئر پارٹس کی دکان ہے۔

بفر زون، کلا کوٹ اور ماری پور روڈ پر پولیس مقابلے میں 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق بفرزون سیکٹر 16 اے میں مقابلے کے بعد ایک ڈاکو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے ماری پور روڈ پر مقابلے کے بعد ڈاکو جاوید کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

لیاری کے علاقے کلا کوٹ میں مقابلے کے بعد پولیس نے ڈاکو عامر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گلشنِ اقبال کے بلاک 1 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاسم نامی شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.