آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام معروف آرٹسٹ حمیر سومرو کی نمائش "کراچی کا شاندار ورثہ” کا انعقاد ہوا جس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ سمیت دیر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
آرٹس کونسل کے زیر اہتمام معروف آرٹسٹ حمیر سومرو کی آرٹ ایگزیبیشن Glorious Heritage of Karachi کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا۔
نمائش کا افتتاح میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر امریکن قونصل جنرل نکول تھیریوٹ بھی موجود تھی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نمائش سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیر سومرو کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ماضی کے کراچی کو اپنے آرٹ کے ذریعے زندہ کیا ہے اور ہمارا کراچی کتنا خوبصورت تھا یہ بتایا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارا تاریخی ماضی ہے جو ان تصاویر میں نظر آ رہا ہے۔ اس خوشگوار کراچی کو ایک بار پھر بنانے کی کوشش کی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ محمد احمد شاہ جس طرح آرٹ کو فروغ دینے کےلیے کام کرتے ہیں، میں بھی اپنے قلم اور طاقت کے ذریعے شہر کو خوبصورت بنانے کا وعدہ کرتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ ہمیں کراچی کس حال میں ملا تھا اور ہم نے اس کے ساتھ کیا کیا۔ وہ کراچی جو ہم سب کا تھا 1980ء کی دہائی کے بعد چھپ گیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے شہر میں سب کچھ ہے، ضرورت صرف اس مثبت سوچ کو ابھارنے کی ہے۔ ہمارا وقت تو برا گزر گیا لیکن ہماری آنے والی نسلیں خوبصورت کراچی دیکھیں گی۔ تفریق کی سیاست کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ محمد احمد شاہ اپنی فنون لطیفہ کی سرگرمیوں کے ذریعے سب کو جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس جگہ کو کلچرل کمپلیکس بنانے کی کوشش کریں گے۔ یہاں فیضی رحمین آرٹ گیلری کو از سر نو تعمیر کر کے آباد کریں گے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ حمیر سومرو کا خوبصورت آرٹ یہاں نمائش کے لیے آویزاں ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی پہلے کیسا تھا حمیر سومرو نے خوبصورتی سے اپنے فن پاروں میں بیان کیا ہے۔ واٹر کلر کا ایسا کام پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ ان میں پارسی، ہندو، مسلم آرکیٹیک نظر آتا ہے۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ کراچی کی خوبصورتی کو واپس لانے کےلیے آپ نے نوجوان میئر کو منتخب کیا ہے۔ ہمیں آپ سے محبت ہے اور یقین بھی ہے کہ آپ اس شہر کی روشنیاں واپس لائیں گے۔
امریکی قونصل جنرل نکول تھیریوٹ نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی نے زبردست نمائش کا انعقاد کیا ہے۔ مجھے یہاں آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ حمیر سومرو نے نہایت خوبصورت انداز سے کراچی کی تاریخ کو اپنے فن کے ذریعے بیان کیا ہے۔ مجھے کراچی شہر سے محبت ہے۔ آرٹس کونسل کراچی کی بےحد شکر گزار ہوں کہ آرٹس کونسل فن کی ترویج کےلیے بہترین اقدامات کر رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل اور امریکی فنکاروں کی مشترکہ پر فارمنس پر مبنی مختلف پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے۔ جس سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں مضبوطی آئے گی۔
فنکار حمیر سومرو نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر ان عمارات کی ہیں جو کچھ تو چلی گئی ہیں۔ کچھ بچ گئیں ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ مرتضی وہاب سے گزارش ہے کہ جو عمارتیں بچ گئیں ہیں انہیں محفوظ کیا جائے۔ امید ہے کہ مرتضیٰ وہاب اس کوشش میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ یہ سب کو ساتھ لے کر چلنے والے ہیں۔
حمیر سومرو نے کراچی کی شاندار تاریخی عمارات کو واٹر کلرز کے ذریعے کینوس پر قید کیا ہے۔ نمائش میں آویزاں فن پارے شہر قائد کے تاریخی اہمیت بتاتے نظر آتے ہیں۔
Comments are closed.