کراچی میں آج دوپہر اور شام میں تیز بارش کا امکان ہے اور یہ سلسلہ کل تک جاری رہ سکتا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں آج اور کل اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مغرب کی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز مطلع زیادہ تر جزوی ابر آلود رہنے کا بھی امکان ہے۔
کراچی میں رات گئے اور علی الصبح سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے، راشد منہاس روڈ اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔
صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے سندھ کے دیگر علاقوں تھرپارکر، عمر کوٹ، میر پور خاص، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دیگر جگہوں پر بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
Comments are closed.