محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آئندہ 3 روز میں گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں ہواؤں میں تبدیلی سے درجۂ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
کراچی میں دن میں شمال مشرق سے ہوائیں چلتی رہیں گی، جبکہ شام میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ جمعرات کو درجۂ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جمعے کو 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا دوسرا مغربی سسٹم شمال مشرقی بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔
مذکورہ سسٹم کے تحت کوہِ سلیمان رینج میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔
دھانا سر، شیرانی، موسیٰ خیل، رکھنی، راڑہ ہاشم، تمن قیصرانی میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔
بارش کے باعث بلوچستان و پنجاب کے سرحدی علاقوں کے برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔
بارکھان، توئی سر اور ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔
لیویز ذرائع نے بتایا ہے کہ دھانا سر میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث مسافروں کو پریشان کا سامنا ہے۔
ہرنائی، سنجاوی، دُکی، لونی، میختر میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
پیر کوہ، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، ژوب اور زیارت میں آج دوپہر میں بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق فورٹ منرو میں موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس حوالے سے ڈی جی خان کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.