کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے، تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش برسی، اس دوران ملت ٹاؤن چنیسر گوٹھ اور دیگر علاقوں میں دیواریں گرنے سے بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے-
بارش اور تیز ہوائیں چلتے ہی مختلف علاقوں سے شہریوں نے گھروں کی راہ لی، جس کی وجہ سے سڑکوں پر اچانک ٹریفک شدید جام ہوگیا- شاہراہ فیصل، راشد منہاس روڈ کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں بن گئیں، اُدھر یونیورسٹی روڈ اور صدر میں ٹریفک شدید جام ہونے سے شہری بارش میں گھنٹوں پھنسے رہے-
محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے اعداد شمار جاری کیے، جس کے مطابق ناظم آباد میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ جناح ٹرمینل پر 22، اولڈ ائرپورٹ پر 15، فیصل بیس پر 8، قائد آباد 6، گلشن معمار میں 4.4، کراچی یونیورسٹی 5.8 اور سعدی ٹاؤن میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی-
اطلاعات کے مطابق صفورا، بہادر آباد، نارتھ ناظم آباد، کورنگی اور نرسری سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی جبکہ اولڈ سٹی ایریا، گارڈن ایسٹ اینڈ ویسٹ، سولجر بازار، رنچھوڑ لائن میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے سے سے کئی دکانوں اور مکانات کی کچی چھتیں اُڑ گئیں-
شہر کے کئی علاقے بارش شروع ہوتے ہی تاریکی میں ڈوب گئے- کراچی ایئرپورٹ، گڈاپ ٹاؤن، ملیر، گلشن جمال، گلستان جوہر، صدر سمیت کئی کاروباری علاقوں میں بجلی اچانک بند ہو گئی- اور ملحقہ علاقوں سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بوندا باندی کی اطلاع ہے۔ بارش شروع ہوتے ہی بجلی بند ہونے سے شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا کی رفتار 81 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب کے الیکٹرک نے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ برقی آلات استعمال کرتے وقت احتیاط سے کام لیں اور ٹوٹی ہوئی تاروں، ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹی سے فاصلہ برقرار رکھیں۔
شہریوں کی جانب سے موصول اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے جہاں بجلی منقطع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا-
Comments are closed.