کراچی کے علاقے طارق روڈ سے نجی بینک سے رقم لیکر نکلنے والی سیکیورٹی کمپنی کی وین ڈرائیور نے ہی لوٹ لی، 20 کروڑ روپے اور جاتے جاتے وین میں نصب کیمرے اور ڈی وی آر لے گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی، واردات 2 روز قبل آئی آئی چندریگر روڈ پر ہوئی۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی وین طارق روڈ سے نجی بینک کی رقم پہنچانے آئی آئی چندریگر روڈ پہنچی۔ جہاں گارڈز کچھ رقم لے کر نیچے اترے تو ڈرائیور وین لے کر فرار ہوگیا۔ وین میں 20 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی۔
کچھ دور جاکر ڈرائیور نے وین ایک گلی میں چھوڑدی اور رقم لے کر فرار ہوگیا۔
میٹھادر پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے، مقدمہ سیکیورٹی کمپنی کی مدعیت میں ڈرائیور کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں امانت میں خیانت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جاتے جاتے 20 کروڑ روپوں کے ساتھ وین میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے، ڈی وی آر اور گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گیا.
پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
Comments are closed.