جمعرات 8؍محرم الحرام 1445ھ27؍جولائی 2023ء

کراچی، 8 محرم الحرام کی مجلس ختم، مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد

پاکستان بھر میں آج 8 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 8 محرم الحرام کی مجلس ختم ہو گئی جس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہو گیا۔

جلوس کے آگے پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ جلوس سے آگے راستوں کی چیکنگ کر رہا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس نے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے فرائض کی ادائیگی کے لیے 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہوا ہے۔

کراچی کی 305 امام بارگاہوں کو حساس، 62 کو انتہائی حساس اور 30 کو نارمل قرار دیا گیا ہے جبکہ جلوس کے روٹ کی طرف آنے والی گلیوں اور سڑکوں پر کنٹینر رکھے گئے ہیں۔

پولیس نے محرم الحرام سے متعلق سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق محرم الحرام کے دوران 15 ہزار 287 افسران و اہلکار سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

کراچی کے ضلع شرقی میں 7 ہزار 50، غربی میں 5 ہزار 940 اور جنوبی میں 2 ہزار 297 افسران و اہلکار محرم کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ضلع شرقی میں امام بارگاہوں پر 448 اور مجالس پر 2306 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

دوسری طرف ضلع غربی کی امام بارگاہوں پر 506 اور مجالس پر 906 افسران و اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

ضلع جنوبی کی امام بارگاہوں پر 284 اور مجالس پر 783 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

کراچی کے انتہائی حساس مقامات پر 1267 افسران و جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب مرکزی جلوس کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے اس کے روٹ کی طرف آنے والی گلیوں اور سڑکوں پر کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

جلوس کے برآمد ہونے سے قبل جلوس کی گزرگاہ عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئی، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی روٹ کی سرچنگ کی۔

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹ پر نظر رکھی جا رہی ہے، جلوس کے راستے پر جگہ جگہ پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔

روٹ کے اطراف کی بلند عمارتوں پر بھی رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو ٹریفک پولیس متبادل راستے کے بارے میں آگاہ کر رہی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں 8 محرم الحرام پر شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس صبح امام بارگاہ دربار حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہوا۔

جلوس کے شرکاء کے لیے مختلف مشروبات کی سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

جلوس کے شرکاء نے شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے نوحہ خوانی اور ماتم زنی کی۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں لوہاری گیٹ، انارکلی بازار، مال روڈ، پرانی انارکلی فوڈ اسٹریٹ سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انارکلی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.