کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے 2 نوجوانوں کو زخمی کرنے والے گارڈ یونیفارم میں نہیں تھے۔
واقعے کے وقت زخمی نوجوانوں کے ساتھ تیسرا دوست اور واقعے کا عینی شاہد حمزہ بھی موجود تھا جس نے بتایا ہے کہ ہم تینوں دوست کے انتظار میں وہاں موجود تھے۔
حمزہ کا کہنا ہے کہ موبائل فون خرید کر ہم اپنے دوست سے ملنے آئے تھے، قریب ہی ایک بلڈر کے دفتر سے 2 مسلح افراد باہر آٰئے، بلڈر کے دفتر کے باہر ایک موٹر سائیکل بھی موجود تھی، ان دونوں مسلح افراد کو ہم ڈاکو سمجھے۔
زخمی نوجوانوں کے دوست حمزہ نے بتایا ہے کہ اسی دوران مبشر اور سلیم نے موٹر سائیکل آگے بڑھائی تو دونوں افراد نے فائرنگ کر دی۔
حمزہ نے مزید بتایا ہے کہ فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرائی اور دونوں دوست زمین پر گر گئے۔
واقعے کے بعد ایک مسلح شخص فرار ہو گیا، سڑک سے گزرنے والے شہری نے اپنی گاڑی سے اسپتال منتقل کیا۔
دوسری جانب پولیس کا اصرار ہے کہ واقعہ غلط فہمی کے باعث پیش آیا، جس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دونوں افراد بلڈر کے سیکیورٹی گارڈ ہیں، تاہم دونوں افراد سیکیورٹی گارڈ کے یونیفارم میں نہیں تھے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں تیموریہ تھانے کی حدود میں فائرنگ سے 2 نوجوان 17 سالہ سلیم اور 20 سالہ مبشر زخمی ہوئے تھے۔
Comments are closed.