جمعہ13؍جمادی الثانی 1444ھ6؍جنوری 2023ء

کراچی، 2 صحافی اسٹریٹ کرائم کا شکار،ملزمان نشاندہی کے باوجود آزاد

کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم سے صحافی بھی محفوظ نہیں رہ سکے، لٹیروں نے ایک دن میں 2 صحافیوں کو 2 دوستوں سمیت لوٹ لیا، ایک شہری نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرکے پولیس کو ملزمان کی نشاندہی کی لیکن پولیس نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

پہلا واقعہ شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب پیش آیا جہاں پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان دن دِہاڑے سینئر صحافی سے موبائل فون، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء لے اڑے، صحافی نے واقعہ کے خلاف ٹیپو سلطان تھانے میں درخواست جمع کرادی۔

دوسرا واقعہ مقامی صحافی اور ان کے 2 دوستوں کے ساتھ گلشن چورنگی کے قریب پیش آیا، تینوں افراد کو 4 ڈاکوؤں نے موبائل فون، نقد رقم اور قیمتی اشیاء سے محروم کردیا۔

اس موقع پر فرار ہوتے ہوئے 4 ڈاکوؤں کا ایک شہری نے پیچھا کیا، ملزمان سچل تھانے کے قریب رُکے تو شہری نے سچل تھانے کے اہلکاروں کو بتایا کہ ان سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو ہوٹل میں بیٹھے ہیں لیکن سچل تھانے کے اہلکاروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن (سی آر اے) نے دونوں واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سی آر اے کے صدر کاشف ہاشمی کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے شہر میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی صحافیوں سے لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں کو فوراً گرفتار کروا کر لوٹا ہوا سامان برآمد کرائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.