بدھ 16؍رجب المرجب 1444ھ8؍فروری 2023ء

کراچی، پیپلز بس سروس میں پروفیسر پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی

کراچی میں پیپلز بس سروس میں یونیورسٹی کے پروفیسر پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے واقعے کا نوٹس بھی لے لیا۔

واقعے سے متعلق پروفیسر ڈاکٹر عاطف جمیل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھر کلفٹن سے یونیورسٹی کےلیے ریڈ بس میں بیٹھے تھے۔ کنڈکٹر کو کرائے کے لیے 10 روپے کے 5 نوٹ دیے۔ کنڈکٹر نے ایک نوٹ واپس کر کے کہا کہ دوسرا دیں، اس پر ٹیپ لگا ہے۔

ڈاکٹرعاطف جمیل کے مطابق کنڈکٹر کو بتایا کہ ہزار کا نوٹ ہے، کھلے نہیں ہیں۔ جس پر کنڈکٹر نے کہا کہ 10 روپے دیں ورنہ یہیں اتار دیں گے۔

ڈاکٹر عاطف نے دعویٰ کیا کہ تلخ کلامی پر کنڈکٹر نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

بعدازاں شرجیل میمن نے اس واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا۔

شرجیل میمن کے مطابق سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو واقعے کی انکوائری کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

شرجیل میمن نے لکھا کہ میں سندھ حکومت کی جانب سے یقین دلا سکتا ہوں کہ انصاف ہوگا۔

واضح رہے کہ اس واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.