کراچی میں جیل چورنگی کے قریب پندرہ منزلہ رہائشی عمارت کے نیچے قائم سپر اسٹور میں آگ لگے 24 گھنٹے گزر گئے۔
گزشتہ روز لگنے والی تیسرے درجے کی آگ کے باعث عمارت کی بیرونی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں جس کے بعد عمارت خطرناک قرار دے دی گئی ہے۔
سینئر فائر آفیسر عارف منصوری کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں آگ پر 80 فیصد قابو پالیا گیا ہے، عمارت میں کہیں کہیں آگ کے شعلے ہیں، دھویں کی وجہ سے اندر جانے میں مشکلات آ رہی ہیں۔
عارف منصوری کا کہنا تھا کہ سپر اسٹور میں آگ بجھانے کے انتظامات نہیں تھے، کہیں بھی ہنگامی اخراج نہیں تھا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے6 گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پالیں گے۔
حکام کی جانب سے اطراف کے رہائشیوں سے مکانات خالی کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
جائے وقوعہ پر 18 فائر ٹینڈرز، واٹر باوزر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز آگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد بےہوش ہوگئے تھے۔
عمارت کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ تہہ خانے میں قائم اسٹور کا گودام ختم کروانے کے لئے کئی سرکاری اداروں میں درخواست دے چکے تاہم شنوائی نہ ہوئی۔
دوسری جانب کورنگی صنعتی ایریا میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر بھی زخمی ہوا ہے۔
Comments are closed.