پاکستان نیوی کے ملازم کی بیوہ اور 2 سالہ بیٹے کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ملزم کا کم عمر ساتھی فرار ہوگیا۔
گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے قائد آباد، گوشت گلی میں پاکستان نیوی کے ملازم کی بیوہ کو نامعلوم ملزمان نے گلا کاٹ کر اور 2 سالہ بیٹے کو پانی کے ٹینک میں ڈبو کر قتل کیا تھا۔
شاہ لطیف پولیس کے تفتیشی افسر اصغر شیخ نے خفیہ اطلاع پر قائد آباد میں چھاپہ مار کر ملزم عبدالحفیظ کو گرفتار کیا جبکہ ملزم کا کم عمر ساتھی رافع فرار ہوگیا۔
قاتل عبدالحفیظ نے ساتھی رافع کے ساتھ مل کر خاتون اور 2 سالہ بیٹے کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
شاہ لطیف پولیس کے تفتیشی افسر اصغر شیخ کے مطابق عبدالحفیظ کو مقتولہ کے موبائل فون کی مدد سے گرفتار کیا گیا، فرار ملزم رافع کم عمر اور مقتولہ کے شوہر کے دوست کا بیٹا ہے۔
ملزم رافع مقتولہ کے گھر میں پیسے دیکھ کر لالچ میں آگیا تھا، ملزم بہانے سے گھر میں آیا اور پھر گرفتار ملزم کو بھی بلالیا۔
دونوں ملزمان نے تیز دھار آلے سے خاتون کو قتل کیا اور بچے کو پانی کے ٹینک میں ڈبو کر قتل کیا۔
واردات کے بعد ملزمان گھر سے نقد رقم، سونا اور مقتولہ کا موبائل فون بھی لے گئے تھے، کم عمر ملزم رافع کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، دونوں ملزمان نشے کے بھی عادی ہیں۔
Comments are closed.