کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے صفدر نامی شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کے بیٹے کا بھی چند روز قبل کورنگی میں ہی ڈکیتی کے دوران قتل ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول صفدر بیٹے کے قتل کا مدعی تھا، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان آئے جنہوں نے پکوان سینٹر پر موجود صفدر پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد زخمی صفدر کو فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت صفدر حسین کے نام سے کی گئی ہے اور اس کی عمر تقریباً 60 برس تھی۔
مقتول صفدر علاقے کا ہی رہائشی تھا اور چند روز قبل اس کے بیٹے اظہر کا ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہوا تھا۔
پولیس کا موقف ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ بھی ڈکیتی ہی معلوم ہوتا ہے لیکن واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہے جس کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔
Comments are closed.