کراچی کے علاقے صدر میں شارع فیصل کے ایف ٹی سی فلائی اوور پر فائرنگ کے ایک واقعے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق صدر تھانہ کی حدود میں شارع فیصل کے ایف ٹی سی پُل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دوسری موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں پر فائرنگ کردی۔
حملے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں چھیپا ویلفیئر کے رضاکاروں نے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا۔
جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اسپتال کی ایمرجنسی پہنچائے جانے تک دونوں افراد جاں بحق ہوچکے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں ہلاک شدگان کی شناخت سید عابد حسین شاہ اور سید ساجد حسین شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں مقتولین حقیقی بھائی تھے۔
مقتولین محمودآباد چنیسر گوٹھ کے رہائشی تھے جو عدالت میں پیشی کے بعد گھر جارہے تھے۔
پولیس نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں بھائیوں کو تعاقب میں آنے والے ملزمان نے نشانہ بنایا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ حالات و واقعات سے پولیس کا اندازہ ہے کہ دونوں بھائیوں کو مبینہ طور پر دشمنی کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش کے لیے گورا قبرستان کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.