حیدرآباد میں ہوٹل پر جھگڑے کے دوران نوجوان کے قتل پر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں احتجاج کے دوران مشتعل افراد نےالآصف اسکوئر کے قریب گاڑی کو آگ لگا دی۔
سہراب گوٹھ کے قریب آج بھی ہنگامہ آرائی کے واقعات کے دوران پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق مسلح گروہوں نے سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوئر کے قریب گاڑی کو آگ لگا دی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور کار جلانے اور ہنگامہ آرائی میں ملوث 15 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔
ڈی ایس پی چوہدری سہیل فیض نے بتایا کہ گزشتہ روز کے ہنگاموں کے دوران 150 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں مقدمات درج کرلیے ہیں جبکہ زبردستی دکانیں بند کرانے والے ملزمان کے خلاف مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے سہراب گوٹھ کے اطراف سے اب تک 165 افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ مقدمات میں 55 افراد گرفتار ہیں جبکہ دیگر سے تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو حیدرآباد کے ہوٹل پر جھگڑے کے دوران نوجوان بلال کاکا کے قتل کے بعد حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ہوٹل بند کردیئے گئے تھے۔
Comments are closed.