بھارت میں کتے کے ساتھ بدتر سلوک کرنے والے ڈاکٹر کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جسے صارفین شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈاکٹر کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جانوروں کے لیے کام کرنے والی بھارتی سماجی تنظیم کے پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ سماجی تنظیم کے مطابق مذکورہ ویڈیو بھارتی شہر جودھ پور میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جودھ پور کے ایک ڈاکٹر جن کا نام رجنیش گالوا ہے، اپنی گاڑی میں کہیں جا رہے ہیں، اس دوران انہوں نے اپنی گاڑی کے فرنٹ سیٹ کے ساتھ ایک زنجیر باندھی ہوئی ہے جس کا اگلا سِرا ایک کتے کے گلے میں بندھا ہوا ہے۔
ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی تیزی سے کتے کو کھینچتے ہوئے لے جارہی ہے۔ گاڑی کی تیز رفتاری کا مقابلہ کرنے میں ناکام کتا کبھی گاڑی کے ایک جانب تو کبھی دوسری جانب دوڑتا ہوا دکھائی دیتا ہے، اس دوران اس کتے کی ٹانگیں بُری طرح فریکچر ہوگئیں۔
ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ویڈیو ریکارڈ کرنے والا شخص اس گاڑی کے پیچھے کسی موٹر سائکل پر سوار ہے جبکہ ایک اور موٹرسائیکل سوار گاڑی کو زبردستی رکنے پر مجبور کرکے اس کتے کو آزاد کرواتا ہے اور جانوروں کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم سے رابطہ کرکے کتا ان کے حوالے کردیتا ہے، جو اسے اسپتال لے گئیں۔
سماجی تنظیم کی جانب سے پوسٹ کی گئی ٹویٹ کے مطابق ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ آوارہ کتا ہروقت ان کے گھر کے قریب بیٹھا رہتا تھا اس لیے وہ اسے ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے۔
Comments are closed.