لاہور :نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور این اے 123، 128 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کا نظام لائے گی. مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کے لیے خصوصی اقدامات ہونگے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کے لیے قومی ترقی میں لیڈنگ کردار دیں گے. زراعت کے فروغ اور چھوٹے کاروباروں کی ترقی کے لیے قرضِ حسنہ نظام دیں گے. ہنر کی فراہمی، صاف پانی اور صحت و تعلیم پر ترجیحی توجہ کے علاوہ شجرکاری، ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ، سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کے لیے اقدامات کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم اخلاق، تہذیب، شائستگی، اصولوں کی پاسداری، تعلیم و تربیت کے امتزاج اور نوجوان نسل کو باعزت، باوقار زندگی اور روزگار دلانے کے ساتھ ایک صالح، باکردار، مہربان، متحمل مزاج اور اعلی انسانی اصولوں کا حامل معاشرہ قائم کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سابقہ حکمران جماعتوں نے ہمیشہ اقلیتی برادری کو استعمال کیا اور دھوکہ دیا. پاکستانی اقلیتیں محب وطن اور قومی ترقی میں برابری کی بنیاد پر کردار کی حق دار ہیں. جماعت اسلامی اقلیتی برادری کو آئینِ پاکستان کے مطابق تمام بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ دے گی. مساجد، گرجا گھروں کو کمیونٹی کا مرکز و محور بنائیں گے۔
Comments are closed.