جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

جماعت اسلامی کا جلسہ ‘‘اعلانِ کراچی’’آج ہوگا، باغِ جناح میں تیاریاں مکمل

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت عام انتخابات کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں آج شام 6بجے،باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں جلسہ ‘‘اعلانِ کراچی’’ منعقد ہو گا۔

جلسہ اعلان کراچی میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں مرد وخواتین، بچے، بزرگ، نوجوان، طلبہ و اساتذہ، علماء کرام، تاجر بردری،مزدور، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، سول سوسائٹی و اقلیتی کمیونٹی کے نمائندے، جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران شریک ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن جلسے سے خصوصی خطاب کریں گے۔ اہل کراچی کے تحفظ، اختیار، تعلیم و صحت، روزگار اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ‘‘منشور کراچی’’ کی روشنی میں واضح روڈ میپ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اس حوالے سے باغ جناح میں رات گئے جلسہ عام کی تیاریاں و انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ مردو خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں اور خواتین کے لیے گراؤنڈ میں علیحدہ حصہ مختص کیا گیا ہے۔

امرا اضلاع، مقامی ذمہ داران، قومی و صوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواران کی قیادت میں شہر بھر سے قافلے، ریلیوں کی صورت میں باغ جناح پہنچیں گے۔

دریں اثنا حافظ نعیم الرحمن نے عام انتخابات و جلسہ اعلان کراچی کی تیاریوں اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 250اور ضلع قائدین کا دورہ کیا، مسلم ٹاؤن، نارتھ کراچی میں جلسے اور متعدد مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب و معززین علاقہ کے ساتھ نشستوں میں گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ اعلان کراچی میں بھر پور شرکت کریں اور اپنی فیملی و احباب کے ہمراہ باغ جناح پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ اہل کراچی کا ترجمان ہو گا اور عوام 8فرور ی سے قبل ہی عام انتخابات کا فیصلہ دے دیں گے۔جماعت اسلامی 3 کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق اور مسائل کے حل کی جدو جہد کر رہی ہے۔ حقوق کراچی تحریک میں عام انتخابات ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ عوام اپنے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے گھروں سے نکلیں۔جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔

حافظ نعیم الرحمن دورے کے دوران موسیٰ کالونی، شادمان ٹاؤن، بی اماں پارک، ناگن چورنگی اور مسلم ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں گئے، علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں، کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا۔ صدیق اکبر مسجد نارتھ کراچی، بہار مسجد مدینہ موسیٰ کالونی میں نمازیوں سے ملے، جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ہار پہنائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور نوجوانوں نے پُر جوش نعرے لگائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں معززین علاقہ کی ایک نشست میں بھی شرکت کی اور ضلع قائدین فاطمہ جناح کالونی یوسی 4میں پردہ پارک کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ امیدوار این اے 238سیف الدین ایڈوکیٹ، امیدوار پی ایس 128 سید وجیہ حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں جلسہ اعلان کراچی کی تیاریوں اور عوام کو شرکت کی دعوت کے لیے شہر کی بڑی شاہراؤں، چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر متعدد کیمپ لگائے گئے ہیں۔ جے آئی یوتھ کے تحت شہر بھر میں نوجوانوں کی ریلیاں نکالی گئیں جو باغ جناح پہنچیں، باغ جناح اور شہر بھر میں قائم کیمپوں پر رات گئے تک زبردست گہما گہمی جاری رہی۔

جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ جماعت اسلامی کی کوششوں و جدو جہد کو بھر پور طریقے سے سراہا گیا۔جلسے کے لیے لوگوں کو شرکت کی دعوت دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا اور موبائل پبلیسٹی بھی کی جاتی رہی۔ ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے جبکہ بڑی تعداد میں پوسٹرز اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.