پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی طرف سے میڈیا کو دی جانے والی دھمکی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی ایف یو جے نے حکومت اور میڈیا مالکان سے کہا ہے کہ وہ صحافیوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کریں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پی ایف یو جے نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے میڈیا کو تنبیہ کی ہے کہ وہ تحریک طالبان کے ساتھ دہشت گرد کا لفظ استعمال نہ کریں ورنہ انہیں دشمن سمجھا جائے گا۔
پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کام کرنے والے صحافیوں کی سلامتی کے لیے خدشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان دو صوبوں میں اب تک عسکریت پسندوں کی ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں 30 سے زائد صحافی قتل کیے جا چکے ہیں، ان میں سے کوئی ایک کیس بھی حل نہیں کیا جا سکا۔
پی ایف یو جے قیادت نے مزید کہا کہ اب نئی دھمکی نے صحافی برادری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، ہمیں دونوں طرف سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مجوزہ جرنلسٹس سیفٹی اینڈ پروٹیکشن بل کے سلسلے میں پی ایف یو جے کی تجاویز کو منظور کرے۔
پی ایف یو جے قیادت نے یہ بھی کہا کہ میڈیا مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے ملازمین خاص طور پر تنازعات والے علاقوں میں کام کرنے والوں کو لائف انشورنس فراہم کریں، انہیں سیفٹی آلات و ملبوسات دیں۔
Comments are closed.