خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے بات چیت کے لیے جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان اور مذاکراتی جرگے کے رکن بیرسٹر سیف نے اس حوالے سے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں سراج الدین حقانی اور امارات اسلامی کا بھرپور کردار رہا۔
جیو نیوز سے پشاور میں گفتگو کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے بات چیت کے لیے تاحکم ثانی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کو بنیادی طور پر فاٹا انضمام پر تحفظات ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ فاٹا کی پرانی صورت بحال ہو۔
ترجمان صوبائی حکومت نے مزید کہا کہ اس معاملے پر حکومت کو آئینی مشکلات درپیش ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی خود بھی حکومت کی مشکل کو سمجھتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرگے نے کہا حالتِ جنگ میں بات چیت نہیں ہو سکتی، کوئی معاشرہ جنگ کا تسلسل نہیں چاہتا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ افغان طالبان نے ہمیں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ہے، افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کو امن کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا کہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں سراج حقانی اور امارات اسلامی کے کردار سے مطمئن ہیں۔
Comments are closed.