وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت کے لوگوں سے التجا ہے کہ پرتشدد نہ ہوں۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں بات کرتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم کی مرضی کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں کر سکتا۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ قوم بریک تھرو دیکھے گی، ملک میں امن آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ بھی نہیں چاہتے کہ ناحق خون کا ایک بھی قطرہ گرے۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر کالعدم تنظیم کے مظاہرین کے احتجاج کے سبب پورے شہر میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور دکانیں بند ہیں، گوجرانوالہ سے وزیر آباد تک تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں آج چھٹی دی گئی ہے۔
کالعدم تنظیم کے مظاہرین نے رات گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر جنرل بس اسٹیڈ کے باہر گزاری ۔
گوجرانوالہ میں مسلسل آٹھویں دن بھی معمولات زندگی متاثر ہیں، ضروری استعمال کی اشیاء اور اشیائے خورونوش کی قلت ہونے لگی ہے جبکہ دیہاڑی دار مزدور سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
دوسری جانب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کالعدم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے، تمام ٹی وی چینلز کو کالعدم تنظیم کی کوریج سے روک دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایف ایم ریڈیو ، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی بھی کالعدم تنظیم کی کوریج نہیں کریں گے ۔
پیمرا نے کہا کہ کالعدم تحریک کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی ہے ۔
میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج ممنوع ہے ۔
Comments are closed.