جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز

انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی، شہباز شریف اور بلاول کے کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے فیصلے بھی آج متوقع ہیں۔

این اے 89 میانوالی سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذاتِ نامزدگی پر خرم روکھڑی اور خلیل الرحمان نے اعتراضات دائر کیے ہیں، موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ اور نااہل ہیں۔

شہباز شریف کے این اے 242 سے کاغذاتِ نامزدگی پر فیصلہ آج متوقع ہے، پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل کی جانب سے دائر اعتراض میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے وزیراعظم کی حیثیت سے تنخواہ اور مراعات لینے کا ذکر نہیں کیا، بیرون ملک جائیداد اور بیوی بچوں کو قرض دینے کا منی ٹریل بھی نہیں ہے جبکہ ن لیگ کے رہنما رانا مشہود کا کہنا کہ اعتراضات کی تفصیلات شہباز شریف ضمانت کیس میں موجود ہیں۔

این اے 127 لاہور سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراض کا جواب جمع کروا دیا گیا ہے، بلاول کے کاغذاتِ نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز لکھا جانا انسانی غلطی ہے، اعتراض کنندہ اس حلقے کا نہیں نارووال کا رہائشی ہے۔

کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جا سکے گی۔

 اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے، امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔

امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دیے جائیں گے، عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 28 ہزار 626 کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.