ژیا ٹونگ نامی ایک چینی لڑکی کی ایک آنکھ کار حادثے میں ضائع ہوگئی تھی، لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی زندگی پروستھیٹک آنکھوں کی تخلیق کے لیے وقف کردی، اس قسم کی آنکھوں سے مختلف رنگوں کی چمک نکلتی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق ژیا ٹونگ کی 2013ء میں ایک مہلک کار حادثے میں ایک آنکھ ضائع ہوگئی تھی اس وقت اس کی عمر صرف 18 برس تھی، جس کے بعد اس نے اس کی جگہ ایک پروستھیٹک آنکھ لگوائی۔
یہ باہمت لڑکی اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے بعد یہ سوچ کر مایوس نہیں ہوئی کہ وہ کیسی نظر آئے گی اس نے پر اعتماد انداز میں یہ آنکھ لگوا کر حالات کا مقابلہ کیا۔
بعدازاں اپنی تعلیم مکمل کرکے وہ پروستھیٹک آئی ٹیکنیشن بن گئی اور اس نے اپنے لیے منفرد قسم کی پروستھیٹک بنانا اور اسے سوشل میڈیا پر دکھانا شروع کیا جس کی وجہ سے آہستہ آہستہ اسکی فالوئنگ بڑھتی گئی۔
اب وہ پروستھیٹک آنکھوں کی ایک مکمل اور بہترین ماہر بن چکی ہے اور وہ اس تکنیک کا استعمال کرکے بالکل اصل آنکھ کی طرح نقل تیار کرلیتی ہے جس میں اصل اور نقل کی شناخت مشکل ہوتی ہے۔
تاہم وہ مختلف چمکدار رنگ خارج کرنے والی آنکھ والی لڑکی کے طور پر مشہور ہوگئی ہے اور چین بھر میں سوشل میڈیا پر اس کی اس قسم کی ویڈیوز وائرل ہوگئی ہیں۔
Comments are closed.