بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی، وفاقی وزیر اعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر اعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، میٹنگ میں وزیراعظم کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کے معاملے پر وزراء بول پڑے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پر غیر مناسب ٹرینڈ پر وفاقی وزیر اعجاز شاہ آبدیدہ ہوگئے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ غیرمناسب ٹرینڈ سے متعلق سوشل میڈیا دیکھ کر دکھ ہوا ہے، آئی بی کا سربراہ رہ چکا ہوں کبھی منتخب وزیراعظم کے خلاف ایسی مہم نہیں دیکھی۔

ذرائع کے مطابق اعجاز شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور فیملی پر ذاتی حملے کسی تہذیب یافتہ معاشرے کے عکاس نہیں۔

کابینہ اجلاس کے دوران وفاقی وزراء نے بھی سوشل میڈیا پر جاری مہم پر تشویش کا اظہار کیا اور رائے دی کہ سوشل میڈیا کے سخت قوانین ہونے چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھی سوشل میڈیا پر غیر مناسب ٹرینڈ پر اظہار ناراضی کیا اور ساتھ ہی اس طرح کے ٹرینڈز کی روک تھام کی ہدایت کی۔

دوران اجلاس وفاقی وزیر مونس الہٰی نے کالا باغ ڈیم منصوبے کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھ دیا اور تجویز دی کہ وزیراعظم صاحب کالاباغ ڈیم پر کابینہ کمیٹی بنا دی جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء نے کالا باغ ڈیم کے بارے میں مونس الہٰی کی تجویز کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ سندھ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، کالا باغ ڈیم پر پہلے ہی مخالفت ہے، کالا باغ ڈیم پر کمیٹی بنانے کا مناسب وقت نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.