وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابل سے مزید افراد کو نکالنے کے لیے سہولت فراہم کررہے ہیں، پی آئی اے نے کابل سے 1500 افراد کو نکالنے میں سہولت دی۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بریفنگ دی، افغانستان میں حکومت سازی میں پاکستان ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے، افغانستان کے معاملے پر ترکی اور چین سمیت دیگر ملکوں سے پاکستان کا رابطہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیرخارجہ آج شام وسط ایشیائی ریاستوں کے دورے پر جارہے ہیں، افغانستان کے حوالے سے ہم ذمہ دارانہ کردارادا کررہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہندوستان افغانستان میں مداخلت سے باز رہے، بھارت نے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک بھی الیکشن ایسا نہیں جس میں ن لیگ شفاف طریقے سے جیتی ہو، ای وی ایم جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا اہم حصہ ہے، اگر اوور سیز پاکستانی ترسیلات زر نہ بھیجیں تو معیشت لڑکھڑا رہی ہوتی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سازش کے تحت اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا چاہتی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد اشفاق کو نیا چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 37 نئی دواؤں کی مینوفیکچرنگ پاکستان میں شروع کی ہے، ان کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں، 12 دواؤں کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی اکانومی بیرون ملک پاکستانیوں کے ترسیلات زر کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ مینار پاکستان کا واقعہ انتہائی تشویش ناک ہے، اس معاملے پر سب سے مشاورت کی جائے گی، اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو حکومت کی رہنمائی کرے گی۔
Comments are closed.