امریکی صدر جوبائیڈن کابل ایئرپورٹ پر داعش کے تین دھماکوں میں امریکی اہلکاروں کی ہلاکت کا بتاتے ہوئے دوران خطاب رو پڑے۔
انہوں نے کابل دھماکوں کے بعد وائٹ ہاؤس میں خطاب کیا جس میں امریکی اہلکاروں کی ہلاکت پر دُکھ کا اظہار کیا اور دھماکوں کی شدید مذمت کی۔
جوبائیڈن امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ کابل سے انخلاء کے دوران 13 امریکی اہلکاروں کی ہلاکت سے جوبائیڈن کی صدارت کو خوفناک دھچکا لگا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کے سوالات کے جواب سے قبل جوبائیڈن نے سر جھکا لیا اور اپنے آنسو چھپانے کی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے انتہائی شکست خوردہ لہجے میں حملہ آوروں سے بدلہ لینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم حملہ کرنے والوں کا پیچھا کر کے شکار کریں گے، افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی ہیرو ہیں، امریکی ہیروز نے اچھے مقصد کیلئے جان دی۔
واضح رہے کہ پڑوسی ملک افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئر پورٹ پر گزشتہ روز ہونے والے 3 دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 90 ہو گئی، جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 13 امریکی اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکوں سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق داعش نے کابل ایئر پورٹ دھماکوں کی ذمے داری قبول کر لی۔
Comments are closed.