کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں گرفتار ڈی جی کے ڈی اے آصف علی میمن نے ہتھکڑیاں لگوانے سے صاف انکار کر دیا اور تفتیشی افسر سے کہا کہ مجھے گرفتار غیر قانونی طریقے سے کیا گیا ہے آپ مجھے ہتھکڑیاں نہیں لگا سکتے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں اینٹی کرپشن پولیس کی ڈی جی کے ڈی اے کو ہتھکڑی لگانے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں ملزمان نے ہتھکڑیاں لگوانے سے صاف انکار کردیا۔
ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن نے تفتیشی افسر کو جواب دیا کہ آپ مجھے ہتھکڑیاں نہیں لگا سکتے، آپ نے مجھے گرفتار ہی غیر قانونی طریقے سے کیا ہے، ایک 20 گریڈ کے افسر کو آپ بغیر اجازت کے کیسے گرفتار کرسکتے ہیں۔
آصف میمن نے کہا کہ آپ کو قانون کا ہی نہیں پتہ اور آئے ہیں مجھے ہتھکڑیاں لگانے، میں نے نجم شاہ کا آرڈر نہیں کیا تو آپ مجھے گرفتار کرکے لے آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے گرفتار کرنے سے پہلے آپ کو وزیراعلیٰ سے اجازت لینی چاہیے تھی، اگر میں نے کچھ غلط کیا تو چیف سیکریٹری میرے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرتے۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف علی میمن سمیت 3 افسران کو اینٹی کرپشن نے زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
Comments are closed.