اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل آرمی چیف کے حکم کا پابند ہے جبکہ وزیراعظم ایک غلط چیز پر جاہلانہ انداز میں کھڑے ہیں۔
مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ لمحہ بہ لمحہ صورت حال تبدیل ہورہی ہے، ہمیں فکر اس بات کی ہے کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہ پہنچے، فوج واحد منظم ادارہ ہے جو پاکستان کی امید ہے، جتنا نقصان اس ادارے کوموجودہ حکومت نے پہنچایا اتنا دشمن نے بھی نہیں پہنچایا۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکم رانوں نے ملک کی معاشی صورت حال کو بھی تباہ وبرباد کردیا ہے، آئین نے جس کا جو دائرہ متعین کیا اسی میں رہے۔
ڈاکٹر قدیر خان ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، یہ وہ شخصیت ہیں جو اپنا مشن مکمل اور پاکستان اور پاکستانی قوم کو بہت کچھ دے کر گئے ہیں۔
Comments are closed.