جمعرات 12؍جمادی الثانی 1444ھ5؍جنوری 2023ء

ڈی آئی خان: انسدادِ پولیو ٹیم کیساتھ مامور پولیس وین پر دستی بم حملہ، فائرنگ، 3 اہلکار زخمی

خیبر پختون خوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انسدادِ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس وین پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔

ڈی آئی خان پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس وین پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے موسیٰ زئی کے قریب ہونے والے حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی خان پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی کوئیک ریسپانس فورس پہنچ گئی، جس کا ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس فورس کی طرف سے جوابی حملے میں نعرۂ تکبیر اللّٰہ اکبر بلند کیا گیا۔

ڈی پی او شعیب خان بھاری نفری کے ہمرہ موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور جنگل کی طرف فرار ہو گئے، تاہم کوئیک ریسپانس فورس کی طرف سے حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے۔

واضح رہے کہ انسداد پولیو کی سیکیورٹی ٹیم پر 2 دن میں یہ تیسرا حملہ ہے۔

گزشتہ روز بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں انسدادِ پولیو کی ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے 2 واقعات پیش آئے تھے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انسدادِ پولیو مہم میں شامل حفاظتی پولیس کی نفری کی واپسی کے دوران علاقہ حسنی کے قریب بس پر فائرنگ کی گئی تھی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ریاض نامی کانسٹیبل زخمی ہوا تھا تاہم باقی تمام اہلکار محفوظ رہے تھے۔

خیبر پختون خوا کے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے ضلع ٹانک میں آج دوسرے روز بھی پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی ہے، نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل شہید ہو گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کانسٹیبل کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسرا واقعہ اس وقت پیش آیا جب نواحی علاقے توصیف آباد میں 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہو گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.