معروف سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم کا 15 ملین ڈالرز کی حویلی سے متعلق پڑوسیوں سے تنازع چل رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ڈیوڈ بیکھم کو ویسٹ آکسفورڈ شائر ڈسٹرکٹ کونسل کے تعمیراتی قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوڈ بیکھم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ کو اپنی حویلی کی تعمیر کے دوران عارضی طور پر ایک ’فارم ٹریک‘ کو ’کنسٹرکشن ٹریک‘ میں تبدیل کرنے کی اجازت ملی تھی لیکن اب جب کہ تعمیر مکمل ہو چکی ہے تو وہ ’فارم ٹریک‘ کو اس کی اصل حالت میں بحال نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف شکایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جب ڈیوڈ بیکھم نے اپنی 15 ملین ڈالرز کی حویلی بنانا شروع کی تو اُنہیں اپنے گھر کی طرف جانے والے ایک ٹریک کو گھر کی تعمیر کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت مل گئی لیکن اب جبکہ تعمیراتی کام تقریباً ختم ہو چکا ہے تو ان کے پڑوسی چاہتے ہیں کہ ٹریک کی زمین کسانوں کو واپس کر دی جائے۔
اس حوالے سے ایک مقامی خاتون نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ جب اس حویلی تک رسائی کے لیےایک سڑک پہلے سے موجود ہے تو صرف ایک فینسی گرین ہاؤس بنانے کے لیے دوسری سڑک بچھانے کا کیا فائدہ؟
اُنہوں نے کہا کہ یہ عمل بالکل بے معنی اور وسائل کا ضیاع ہے اور پڑوس میں گرین ہاؤس کی تعمیر وہاں رہنے والے لوگوں کے لیے بھی موزوں نہیں ہے۔
Comments are closed.