اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کا کردار متنازع ہوچکا، وہ مسلم لیگ (ن) کے اجلاسوں میں بیٹھتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی، پارٹی رہنماؤں اور وکلا نے ملاقات کی۔
لاہور میں ہونے والی بیٹھک میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ڈپٹی اسپیکر کا کردار متنازع ہو چکا ہے، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر مسلم لیگ (ن) کے اجلاسوں میں بیٹھتے ہیں، انہوں نے پہلے بھی جانبداری کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوست مزاری نے ایوان میں پولیس طلب کرکے اس کا تقدس پامال کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر منحرف ارکان سے مل کر حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں، انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ سے حصہ لینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ہر روز مہنگائی کا نیا بم گرایا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام ضمنی انتخابات میں ان حکمرانوں کے خلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ سنائیں گے۔
Comments are closed.