بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ڈرگ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مرین کا عوام کے نام پیغام

فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مرین نے اپنے ڈرگ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد عوام کے نام پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عوام اپنے قانون سازوں اور سیاستدانوں کو بھی یہ حق دیں گے کہ وہ بھی عام افراد کی طرح سماجی خوشیوں سے محظوظ ہو سکیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ ’مجھے امید ہے کہ سال 2022ء میں یہ بات مان لی جائے گی کہ فیصلہ ساز بھی ڈانس کرنا، گانا گانا اور پارٹیوں میں جا سکتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک لیکڈ ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں فنش وزیراعظم سنا مرین ڈانس کر رہی تھیں۔

فن لینڈ کی وزیر اعظم پر بعد میں الزام بھی لگا تھا کہ انہوں نے پارٹی میں ڈرگز کا استعمال کیا اور وہ ڈانس کرتے ہوئے نشے کے زیر اثر تھیں۔

جس پر انہوں نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اس چھوٹی سی محفل میں سے بھی یہ ویڈیو باہر آ گئی اور ان کو غلط الزام کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ پارٹی میں ڈانس کرنے کو ایک سماجی موضوع بنانے پر ان سے اظہار یکجہتی کے لیے بہت سی فنش خواتین نے پارٹیوں میں اپنے ڈانس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیاپر وائرل کی ہیں۔

جس پر وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ لوگ اس بات کو قبول کریں گے کہ سیاستدان اور فیصلہ ساز بھی قانونی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنی نجی زندگی سے محظوظ ہو سکتے ہیں اور یہ کوئی جرم نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.