کراچی میں دو نامعلوم ملزمان ان ڈرائیو کے رائیڈر کو مہرہ بناکر گورا قبرستان کے قریب ریسٹورنٹ سے 27 ہزار روپے مالیت کا کھانا لے کر رفوچکر ہوگئے۔
گورا قبرستان کے قریب واقع فوڈ مارکیٹ کے جدید ریسٹورنٹ ریسٹو کراچی پر پیر کی شب دو افراد آئے، جنہوں نے بوفے میں پانچ ہزار روپے کا کھانا کھایا اور ساتھ میں لائے ہوئے ان ڈرائیو رائیڈر کو بھی اپنی طرف سے کھانا کھلایا، اس دوران انہوں نے 22 ہزار روپے کا کھانا پارسل کرنے کا بھی آرڈر دیا۔
ریسٹورنٹ مالک سید مدثر زیدی کے مطابق بھرپور طریقے سے کھانا انجوائے کرنے اور کھانا ساتھ لے کر ان افراد نے اپنے ساتھ آئے رائیڈر کو ریسٹورنٹ میں یہ کہہ کر بٹھایا کہ وہ نیچے سے رقم لے کر آتے ہیں اور پھر وہ چلے گئے۔
ملزمان جاتے ہوئے رائیڈر کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ کچھ دیر بعد جب وہ واپس نہ آئے تو رائیڈر اور ریسٹورنٹ منیجر کو تشویش ہوئی جس پر انہوں نے رائیڈر سے باز پرس کی تو اس نے بتایا کہ وہ رقم لینے گئے ہیں انہوں نے اسے بھی کرائے کی ادائیگی کرنی ہے۔
مزید ایک گھنٹہ انتظار کرنے کے بعد وہ نہیں آئے تو ریسٹورنٹ انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی، صدر پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران رائیڈر شفیق اللّٰہ بے گناہ ثابت ہوا ہے۔
رائیڈر شفیق اللّٰہ کے مطابق ملزمان انہیں کورنگی چنیوٹ اسپتال سے رائیڈ پر ساتھ لائے تھے اور اسے لالچ دیا کہ کھانا کھانے کے بعد وہ اسے واپس چنیوٹ اسپتال کورنگی لے جائیں گے مگر وہ اس کے ساتھ ساتھ ریسٹورنٹ والوں کو بھی چونا لگا گئے۔
Comments are closed.