چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے پاکستان کے نامور جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیرخان اور سابق صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات کی وفات پر صدمے اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا ہے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مرحوم سائنسدان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دی ہیں۔
ان کی وفات سے پاکستان ایک سچے محب وطن سے محروم ہو گیا ہے، جس نے دل و جان سے اپنے مادر وطن کی خدمت کی۔
سردار سکندر حیات کے بارے میں علی رضا سید نے کہا کہ سردار سکندر حیات کی وفات سے آزاد کشمیر کو بہت نقصان پہنچا ہے، آزاد کشمیر کی سیاست میں ان کا کردار مرکزی رہا اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت میں بھی بھرپور آواز بلند کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے لیے سردار سکندر حیات کی عظیم خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان دونوں شخصیات کے خاندانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ رب کریم انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
Comments are closed.