بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ڈاکٹر طارق رفیع سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین مقرر

چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیشن کمیٹی کے سربراہ اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹر طارق رفیع کو آئندہ چار برس کے لیے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کا عہدہ سنبھالنے والے ڈاکٹر طارق رفیع، ڈاکٹر عاصم حسین کے بعد سندھ ایچ ای سی کے دوسرے سربراہ ہیں۔

ڈاکٹر عاصم حسین دو مدت یعنی 8 سال ایک ماہ تک سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین رہے جس کے بعد سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے چیئرمین کے لیے تین ناموں کی سمری وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کی گئی تھی۔

سمری میں جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد اے شیخ اور چارٹر انسپکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر طارق رفیع کے نام شامل تھے۔

ڈاکٹر عاصم حسین کی جگہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے چیئرمین کے لیے تین ناموں کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔

پہلے 18 مارچ کو پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کو ڈاکٹر عاصم حسین کی جگہ 3 ماہ کے لیے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا مگر ان کی تقرری صرف 3 ماہ کے لیے کی گئی تھی تاہم اب اس تقرری کو مستقل یعنی چار سال کے لیے کردیا گیا ہے۔

اس طرح اب چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیشن کے سربراہ کی آسامی خالی ہوگئی ہے۔ ایکٹ کے مطابق ڈاکٹر طارق رفیع وائس چانسلرز کی تلاش کے لیے قائم تلاش کمیٹی کے سربراہ بھی ہوں گے۔

چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کا عہدہ صوبائی وزیر کے مساوی ہوتا ہے اور اسے وہ تمام سہولتیں اور اختیار حاصل ہوتا ہے جو صوبائی وزیر کو ہوتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.