بدھ یکم شعبان المعظم 1444ھ 22؍فروری 2023ء

ڈاکٹر سیف الرحمان کا کراچی گیمز شروع کرنے کا اعلان

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے 3 مارچ سے کراچی گیمز 2023 کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس میں 5 ہزار سے زائد کھلاڑی اور ایتھلیکٹس 42 مختلف انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز میں حصہ لیں گے۔

ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے بدھ کے روز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی گیمز 2023 کے سیکریٹریٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی گیمز کا افتتاح گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کریں گے، کراچی گیمز کے انعقاد پر کے ایم سی کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلوں کے میدانوں کو بحال اور آباد کریں گے، کراچی گیمز 2023 کی شکل میں ایک بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے جس میں بڑی تعداد میں خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ شائقین زیادہ سے زیادہ تعداد میں کراچی گیمز کے مقابلے دیکھنے آئیں تاکہ اُبھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی گیمز کے انتظامی اور تیکنیکی امور انجام دینے کےلیے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی گیمز سیکریٹریٹ قائم کردیا گیا ہے جہاں مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور ممبران سمیت ٹیکنیکل عملہ، گراؤنڈ کمیٹی موجود رہے گی جبکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے متعلق صحافیوں کی طرف سے مختلف کھیلوں کی کوریج اور بروقت رپورٹنگ کے لیے میڈیا کارنر بھی فراہم کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ افراد اس سیکریٹریٹ سے رابطے میں رہیں گے اور کراچی گیمز کے جملہ امور یہاں انجام پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان گیمز کے انعقاد کےلیے مختلف اسپانسرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلوں کا یہ شاندار اورمنفرد میلہ تقریباً 10 روز تک جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی گیمز 2023 میں جن کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، باسکٹ بال، شوٹنگ بال، والی بال، سافٹ بال، نیٹ بال، ڈاج بال، کراٹے، تائیکوانڈو، جوڈو، وشو، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، اسنوکر، باکسنگ، اسکواش، شطرنج، کبڈی، کشتی رانی، کیرم، باڈی بلڈنگ، سوئمنگ، رولر اسکیٹنگ، سیپک ٹاکرا، فٹسال، رسہ کشی، جمناسٹک، ریسلنگ، تیراندازی، اسکریبل، ٹینس، سائیکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس، آرم ریسلنگ، ماس ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، میراتھن ریس، فیلڈ اینڈ ٹریک کے علاوہ سندھ کا روایتی ثقافتی کھیل ملاکھڑا کبڈی اور کھوکھو شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی گیمز کی افتتاحی تقریب کے بعد کھلاڑی زیادہ تر کھیلوں میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ اور ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ کریں گے جبکہ دیگر آؤٹ ڈور مقابلوں میں کرکٹ کے مقابلے ناظم آباد جیم خانہ، ایسٹرن اسٹار گراؤنڈ، ٹی ایم سی گراؤنڈ، گلبرگ جیم خانہ، شاداب گراؤنڈ اورنگی، لانڈھی جیم خانہ، کے پی ٹی گراؤنڈ اور ہاکی کے مقابلے کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم اور اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ فٹبال ٹورنامنٹ کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم، ٹرانس لیاری فٹبال گراؤنڈ، سکیسٹن اسٹار فٹبال گراؤنڈ، ابراہیم حیدری فٹبال گراؤنڈ میں جبکہ باسکٹ بال کے مقابلے آرام باغ کورٹ میں اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد، باکسنگ کے مقابلے پیپلز اسپورٹس کمپلیکس میں جبکہ اسنوکر، کشتی رانی، سائیکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس مقررہ مقامات پر منعقد ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.