نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں کے تعاقب پر تیز رفتاری سے جانے والا دکاندار موٹرسائیکل پھسل جانے سے موت کا شکار ہوگیا، مدد کے لیے جمع ہونے والے شہری تین لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سینٹرل معروف عثمان کے مطابق افسوسناک واقعہ گبول ٹاؤن تھانے کی حدود نارتھ کراچی میں پیش آیا۔
معروف عثمان کے مطابق نارتھ کراچی کے رہائشی دکاندار محمد حنیف نے مقامی بینک سے 10 لاکھ روپے نکلوائے تھے۔ وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ جا رہا تھا، انہیں شبہ ہوا کہ ڈاکو ان کے تعاقب میں آرہے ہیں۔ جس پر حنیف نے اپنی موٹر سائیکل تیز رفتاری سے بھگائی اور ناگن چورنگی کے قریب موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں محمد حنیف موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اس دوران بینک سے نکالی گئی رقم بھی سڑک پر گر گئی۔
معروف عثمان کے مطابق پولیس نے وہاں سے رقم جمع کی تاہم رقم جب اس کے ساتھی کے حوالے کی گئی تو وہ سات لاکھ روپے تھے۔
ایس ایس پی کے مطابق باقی رقم وہاں مدد کے لیے جمع ہونے والے شہریوں میں سے کوئی لوٹ کر فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعہ کی مزید چھان بین اور رقم لے کر جانے والے بےحس شہریوں کو تلاش کر رہی ہے۔
Comments are closed.