پڑوسی ملک چین نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 کروڑ یوآن (آر ایم بی) کی امداد کا اعلان کر دیا۔
چین کی جانب سے 25 ہزار خیموں اور دیگر امدادی اشیاء کا عطیہ کیا گیا ہے۔
چین کی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج اور کل کراچی پہنچیں گی۔
اس حوالے سے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں چینی قیادت نے سیلاب سے نقصانات پر پاکستان کی قیادت اور عوام سے اظہارِ افسوس اور یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔
چین کے صدر اور وزیرِ اعظم کا پیغام پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے پاکستانی قیادت کو پہنچایا۔
انہوں نے چین کی قیادت کے پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد کے فیصلے سے بھی حکومتِ پاکستان کو آگاہ کیا۔
جواب میں وزیرِ اعظم شہبازشریف کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی کی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح چینی قیادت اور عوام نے پاکستان سے دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی کی چیانگ کا دل سے شکر گزار ہوں۔
چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی فراہمی سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کو چین کے سفیر کی کراچی سے واپسی پر باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔
Comments are closed.