جنوب مغربی چین کے شہر چوکنگیانگ میں واقع ہوانگجویئوین اوورپاس کو دنیا کا سب سے زیادہ پیچیدہ اوورپاس سمجھا جاتا ہے۔
اس اوورپاس کی نمایاں خصوصیت اس کے 20 ریمپس ہیں جو کہ پانچ لیول اوپر آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ یہ تین اہم اور بڑے ایکسپریس ویز کو ملاتا ہے۔
چند برس قبل انٹرنیٹ پر پہلی بار جب اس کی تصاویر سامنے آئیں، تو اس کی وجہ سے بالخصوص گاڑی چلانے والوں میں ملی جلی حیرانی اور فکرمندی بھی پیدا ہوئی۔
زیادہ تر لوگوں کو حیرانی اس بات پر تھی کہ وہ ڈرائیورز جنہیں راستوں کا زیادہ پتہ نہیں وہ کس طرح اتنے سارے ریمپس اور لین سے اپنا راستہ منتخب کرپائیں گے۔
یہاں تک کہ اگر آپ خود کو تجربہ کار ڈرائیور سمجھتے ہیں پھر بھی ہوانگجویئوین اوورپاس پر کم از کم پہلی بار تو گاڑی چلانا کچھ مشکل لگے گا۔
باوجود اس کے ڈیزائنرز کا دعویٰ ہے کہ یہ صرف دیکھنے میں مشکل ہے حقائق اس کے برعکس ہیں، لیکن پھر بھی یہ اوورپاس دنیا کے بہت ہی پیچیدہ اوورپاس کے طور جانا جاتا ہے۔
2017 میں پایہ تکمیل کو پہنچنے والے اس اوور پاس کے بارے میں ایک گاڑی چلانے والے شخص نےکہا اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر آپ نے غلط ریمپ پر اپنی گاڑی ڈال دی تو پھر آپ کو پورے شہر کے گرد چکر لگانا ہوگا۔
دوسرے ڈرائیورز اس بات پر حیران ہیں کہ ریمپس کی پوزیشن کے مطابق اگر پانچ عمودی لیولز کو پیش نظر رکھا جائے تو ان کا جی پی ایس سسٹم کوئی مدد کرسکتا ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں جس نے اسے دنیا کا پیچیدہ ترین اوورپاس بنادیا ہے۔
Comments are closed.