چین میں پولیس نے ایک مرے ہوئے مچھر کی مدد سے ڈکیتی کے مجرمان کو گرفتار کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے مشرقی صوبے فوجیان کے شہر فوژو میں ہونے والی اس پراسرار واردات میں بظاہر ڈاکوؤں نے موقع پر کوئی نشان نہیں چھوڑا تھا۔
لیکن تفتیش کاروں نے نہایت عرق ریزی کے ساتھ جب تحقیقات شروع کیں تو جس اپارٹمنٹ میں ڈکیتی ہوئی تھی وہاں کی ایک دیوار پر ایک مردہ مچھر اور خون کے دھبے نظر آئے۔ جس پر انہوں نے خون کے ان دھبوں کا ڈی این اے کرانے کا فیصلہ کیا۔
تفیش کاروں کے مطابق جب انہوں نے کرائم سین کا معائنہ کیا تو محسوس ہوا کہ ڈاکو بلند منزلہ اپارٹمنٹ کی بالکونی کے ذریعے اندر داخل ہوئے اور واردات کے بعد وہ رات کو وہیں رہے۔
فلیٹ کے کچن میں ان کی چھوڑی ہوئی نوڈلز، پکائے گئے انڈے جبکہ کمرے میں موجود بستر، تکیے اور وارڈ روب سے کافی شواہد ملے۔
اور پھر جب انہیں اپارٹمنٹ کی ایک دیوار پر مردہ مچھر اور خون کے دھبے نظر آئے تو اس کے تجزیے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے یہ پتہ چلا کہ خون کے یہ دھبے چائی نامی ایک شخص کے ہیں جس کا مجرمانہ ریکارڈ بڑے پیمانے پر موجود تھا۔
یوں پولیس نے واردات کے 19ویں روز ہی مجرم چائی کو پکڑ لیا، تفتیش کے دوران اس نے ڈکیتی کی اس واردات کے علاوہ دیگر تین وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔
Comments are closed.