جمعرات21؍ربیع الثانی 1444ھ17؍نومبر 2022ء

چینی صدر کے ٹروڈو سے خفا ہونے کی ویڈیو پر چینی وزارت خارجہ کی وضاحت

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کی کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ بات چیت کو کسی پر تنقید یا الزام لگانا نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

بیجنگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ چین کینیڈا تعلقات کی حالیہ صورت حال کی ذمے داری کینیڈا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر کی کینیڈین وزیرِ اعظم کے ساتھ بات چیت معمول کا تبادلہ تھا۔

شی جن پنگ نے کہا کہ ہم نے اجلاس میں جو بھی بات کی وہ سب اخبارات کو لیک ہوگئی، یہ مناسب نہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ہم دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید ہے کینیڈا ٹھوس اقدامات سے دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے حالات پیدا کرے گا۔

واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سے جی 20 سمٹ کے دوران بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات لیک ہونے پر خفگی کا اظہار کیا تھا۔

چینی صدر اور کینیڈین وزیرِ اعظم کی ویڈیو بھی جاری ہوئی تھی جس میں دونوں ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہیں اور مترجم کے ذریعے بات کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.