بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چینی خلائی جہازسے مریخی سطح کی حیرت انگیز تصاویر موصول

بیجنگ: اس سال ہم نے متحدہ عرب امارات، امریکہ اور چین کے مریخی سفیروں کو سرخ سیارے پر پہنچتے دیکھا ہے۔ ان میں سے ناسا کا جدید ترین خلائی جہاز پریزرویئرنس مریخ پر اترنے کے بعد چہل قدمی کررہا ہے۔ اماراتی خلائی جہاز مریخ کے گرد گھوم رہا ہے جبکہ چینی مشن تیان وین اول ایک ماہ سے زیرِ گردش ہے اور اب اسے مریخ کی بہت خوبصورت اور حقیقی تصاویر بھیجی ہیں۔

تیان وین ون کچھ وقت کےلیے مریخی مدار میں زیرِ گردش رہے گا اور اس کے بعد وہ اس کی سطح پر جااترے گا۔ واضح رہے کہ تیان وین کا مطلب ’آسمانی سچائی کی تلاش‘ ہے۔ اب چینی خلائی ایجنسی ، سی این ایس اے نے جمعرات کو دو بلیک اینڈ وائٹ اور رنگین تصاویر زمین پر بھیجی ہیں۔

تیان وین اول تین مریخی مشن پر مشتمل ہے جن میں سے ایک اس کی سطح پرغالباً اپریل میں اترے گا۔ اب اس کے سروے کیمروں نے تین تصاویر لی ہیں جو بہت تفصیلی ہیں۔ انہیں دیکھتے ہوئے چینی سائنسداں مریخی جہاز اتارنے کی موزوں جگہ کا انتخاب کریں گے۔

ان میں سے ایک تصویر می مریخ کا شمالی قطبی علاقہ دیکھا جارہا ہے۔ جبکہ دو عدد بلیک اینڈ وائٹ تصاویر 330 کلومیٹر کی بلندی سے لی گئی ہے۔ اس تصویر کی وضاحت صفر اعشاریہ سات میٹر ہے یعنی اتنی جسامت کی کوئی بھی شے اس تصویر میں پہچانی اور دیکھی جاسکتی ہے۔

کامیابی کی صورت میں چین مریخی سطح پر اپنی غیرانسانی سواریاں بھیجنے والا دوسرا ملک بن جائے گا۔  اس سے قبل امریکہ نصف درجن کے قریب خود کار گاڑیاں (روور) مریخ پر اتارچکا ہے۔ چین کا خلائی جہاز عین ناسا کی طرح پیراشوٹ، راکٹ اور ایئربیگ استعمال کرے گا۔

منصوبے کے تحت تیان وین ون یوٹوپیا پلینیشیا نامی ایک ہموار سطح پر اترے گا جہاں جا بجا پتھر موجود ہیں۔ اسی جگہ پر ناسا نے 1976 میں وائکنگ ٹو نامی خلائی گاڑی بھی اتاری تھی۔

You might also like

Comments are closed.