بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چینی خلائی اسٹیشن پر طاقتور خلائی دوربین بھی ہوگی، رپورٹ

بیجنگ: چائنا نیشنل اسپیس ایجنسی کا کہنا ہے کہ چینی خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ 3‘‘ کے ساتھ ایک طاقتور خلائی دوربین بھی ہوگی جو کسی بھی طور پر امریکا کی ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ سے کم نہیں ہوگی۔

یہ دوربین جسے ’’چائنیز اسپیس اسٹیشن ٹیلی اسکوپ‘‘ (سی ایس ایس ٹی) کا نام دیا گیا ہے، آسمانوں کی اتنی ہی تفصیلی تصاویر لے سکے گی کہ جتنی ہبل خلائی دوربین سے ممکن ہے، تاہم اس کے مقابلے میں یہ 300 گنا وسیع منظر کا احاطہ کرسکے گی۔

سی ایس ایس ٹی اپنے مشن کے پہلے دس سال میں 40 فیصد آسمان کا مشاہدہ کرے گی جبکہ اسے چینی خلائی اسٹیشن کے ساتھ ’’عارضی‘‘ طور پر منسلک کیا جائے گا جسے بعد میں ضرورت پڑنے پر الگ کرکے آزادانہ حیثیت سے کسی دوسرے مدار میں بھیجا جاسکے گا۔

بتاتے چلیں کہ ’’تیانگونگ 3‘‘ میں 7 سے 8 افراد پر مشتمل عملے کی گنجائش ہوگی۔

’’اسپیس ڈاٹ کام‘‘ کے مطابق، سی ایس ایس ٹی کو خلائی اسٹیشن سے الگ کرنے کے بعد بھی کسی قریبی مدار میں رکھا جائے گا تاکہ خلائی اسٹیشن کے عملے کو وقفے وقفے سے اس کی مرمت اور دیکھ بھال میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

You might also like

Comments are closed.