پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں کھلاڑی اچھی پرفارمنس کےلیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں خطےکی بہترین ٹیمیں شامل ہیں، ڈیڑھ سال سے کورونا کے باعث ایونٹ کی تاریخیں تبدیل ہو رہی تھیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملائیشین ٹیم کو کورونا کیسز کے باعث شرکت کی اجازت نہ ملی، ملائیشین کھلاڑی بھرپور تیاری کے باوجود ایونٹ میں شرکت نہ کرسکے۔
ہاکی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ہم سب ہاکی فیملی ہیں، ملائیشین ٹیم کےلیے دعاگو ہوں۔
واضح رہے کہ ملائیشین ہاکی کنفیڈریشن نے بنگلا دیش میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق سینئر ملائیشین کھلاڑی کا حال ہی میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ٹیم کو مکمل طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق نئی صورتحال کے تناظر میں ایونٹ میچز کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا کیونکہ اب ایونٹ میں 6 کے بجائے 5 ٹیمیں کھیل رہی ہیں جن میں بنگلا دیش، پاکستان، بھارت، کوریا اور جاپان شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 14 دسمبر کو جاپان کیخلاف کھیلے گی جبکہ 16 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کیساتھ میچ ہوگا۔
Comments are closed.