چیف سکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی کوششوں کے باعث حیدرآباد میں فیڈرل انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز کے قیام کےلیے 100 ایکڑ زمین کی مفت الاٹمنٹ کردی گئی ہے۔
یہ زمین دیہہ گنجو ٹکر، تعلقہ لطیف آباد، ضلع حیدرآباد نمبر 1 میں فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن دانش سعید نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو خط بھی تحریر کردیا ہے۔
خط میں 100 ایکڑ زمین کی مفت الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ زمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، حکومت پاکستان کے حق میں محفوظ ہے جو عوام کے تعلیمی مقصد کےلیے استعمال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز اسناد تفویض کرنے والا وفاقی انسٹیٹیوٹ ہوگا۔ جو وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ماتحت ہوگا۔
اس طرح حیدر آباد میں یہ انسٹیٹیوٹ اسناد تفویض کرنے والا دوسرا ادارہ ہوگا۔ اس سے قبل صوبائی حکومت گورنمنٹ کالج حیدرآباد کالی موری کو جامعہ کا درجہ دے چکی ہے جہاں ڈاکٹر طیبہ ظریف کو پہلا مستقل وائس چانسلر بھی مقرر کیا جاچکا ہے۔
یاد رہے کہ چیف سکریٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے فیڈرل انسٹیٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز کے قیام کے سلسلے میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز جاوید میمن اور دیگر حکام کے ساتھ کئی اجلاس بھی منعقد کیے تھے۔
Comments are closed.