وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد آج ریٹائر ہو رہے ہیں، انہوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے معاملے پر تاریخی اسٹینڈ لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے ججز نے ملک میں اقلیتوں کو سہارا دیا اور آزادانہ فیصلے دیئے جس سے آپ کی عزت و تکریم میں بہت اضافہ ہوا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ہندوستان کی عدلیہ شدت پسندوں کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے جسٹس گلزار جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دے کر آزادانہ فیصلے دئیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال سپریم کورٹ میں 5 جج صاحبان ریٹائر ہو رہے ہیں، پارلیمان کو نئے ججز کی تعیناتی کیلئے آئینی ترمیم پر غور کرنا چاہیے، اگر پارلیمان سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کو آزادانہ اور شفاف بناتی ہے تو یہ بہت بڑا کام ہو گا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اس اہم ترمیم کیلئے سر جوڑیں۔
Comments are closed.