جمعرات 17؍رجب المرجب 1444ھ9؍فروری 2023ء

چیف جسٹس کا تبصرہ عمران خان کے موقف کو تقویت پہنچاتا ہے، عرفان صدیقی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ سیاسی معاملات پر عدالتوں کے تبصرے قومی مفاد میں نہیں ہیں۔ چیف جسٹس کا آج کا تبصرہ عمران خان کے موقف کو تقویت پہنچاتا ہے۔

اپنے بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ چیف جسٹس نے آج ایک سماعت کے دوران کہا تھا کہ "ملکی مسائل کا حل عوامی فیصلے سے ممکن ہے۔”

سپریم کورٹ آف پاکستان میں نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کیس میں عمران خان کو طلب کرنے کا عندیہ دے دیا اور کہا کہ کیوں نا عمران خان کو بلا کر پوچھا جائے کہ اسمبلی نہیں جانا تو الیکشن کیوں لڑ رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا تھا کہ "موجودہ پارلیمنٹ کو جان بوجھ کر نامکمل رکھا جا رہا ہے، جس سے پارلیمنٹ کی قانون سازی متنازع ہو رہی ہے”۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اکثریت کھو کر ایک وزیراعظم عہدے پر نہ رہے اور حامیوں سمیت مستعفی ہوجائے تو اسمبلی کو اس کے سیاسی حربے کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ قومی اسمبلی آج بھی آئینی طور پر ہر طرح کی قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے۔

 عرفان صدیقی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی حدود میں مداخلت پہلے ہی جمہوریت کو بہت نقصان پہنچا چکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.